پاکستان ۲۰ اگست ۲۰۲۶

بنی گالہ کو سب جیل قرار نہیں دیا جائے گا، بانی پی ٹی آئی کو دل کا کوئی مسئلہ نہیں، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بنی گالہ کو سب جیل قرار نہیں دیا جائے گا، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ سماء ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کی ہے، تاہم عدالتی فیصلے پر عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا معاملہ مختلف تھا اور قانون کے مطابق مریض کو سرکاری اسپتال منتقل کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو کئی مرتبہ پمز اسپتال لے جایا گیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے دعوی کیا کہ ان کے خیال میں بانی پی ٹی آئی کو دل کا کوئی مسئلہ نہیں، اگر انجیوگرافی کا نتیجہ کلیئر ہے تو دل کے مسئلے کی بات نہیں بنتی۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کے جس حصے کو جیل قرار دیا جائے گا وہاں سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کیے جائیں گے، تاہم اگر دو دن میں انتظامات مکمل نہ ہوئے تو مزید مہلت لی جاسکتی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ بنی گالہ کو سب جیل قرار نہیں دیا جائے گا اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشری بی بی کا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بیک چینل رابطہ نہیں، جبکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی سیاسی عمل یا بیک چینل کا نتیجہ نہیں ہے۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے لیے 28ویں آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں، صوبوں سے متعلق پیش رفت کا طریقہ آئین میں موجود ہے اور اگر کوئی تجویز سامنے آتی ہے تو وہ کابینہ میں زیر بحث آئے گی۔