تازہ ترین ۲۰ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں گیس بحران سنگین، 24 گھنٹوں میں صرف 7 گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ کاشف حیدری

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان کے مرکزی انجمن تاجران کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کا دورانیہ مزید کم کر دیا گیا ہے اور اب 24 گھنٹوں میں صرف 7 گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے، جو عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے، جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں گیس مکمل طور پر بند ہے اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس کی مسلسل بندش اور کم پریشر نے گھریلو صارفین کے ساتھ ہوٹلوں، ریستورانوں، تندوروں اور دیگر کاروباری مراکز کی مشکلات بھی بڑھا دی ہیں، جس سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق سردیوں اور ٹھنڈ کے موسم میں شہری پہلے ہی کم پریشر اور غیر اعلانیہ بندش کے مسئلے سے دوچار ہیں، ایسے میں گیس کی فراہمی کا دورانیہ مزید کم کرنا عوام کو بنیادی سہولت سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں مقررہ اوقات کے دوران بھی گیس دستیاب نہیں ہوتی جبکہ بعض علاقوں میں مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث گھروں کے ہیٹر اور چولہے بند ہیں، خواتین کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور شہری متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ عوام کی مسلسل شکایات اور احتجاج کے باوجود متعلقہ گیس کمپنی کی جانب سے مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ کے تمام علاقوں میں مناسب پریشر کے ساتھ بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، کم پریشر اور مکمل بندش کا مسئلہ ختم کیا جائے اور گیس کی فراہمی کا دورانیہ کم کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کے اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو تاجر برادری عوام کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔