اسلام آباد(ویب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکریٹری جنرل اسد قیصر، نائب سربراہ مصطفی نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، رکن قومی اسمبلی عادل بازی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین بھی موجود تھے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن بھی شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی امور اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں میں شرکت کریں اور فعال کردار ادا کریں، جس پر اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ پیپلز پارٹی اور اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے حوالے سے باہمی رابطے مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کے عمل میں پارلیمنٹ کے اندر اپنا کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت عمران خان کو اسپتال منتقل کیے جانے اور علاج شروع ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوری روایت کا حصہ ہے۔
