کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور بلوچستان اسمبلی کے رکن شیخ زرک مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت اقتصادی، انتظامی اور سماجی مسائل سے دوچار ہے اور ان چیلنجز کے حل کے لیے سنجیدہ سیاسی قیادت اور عملی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) صوبے میں ترقی، روزگار، امن و امان اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ملاقات کے دوران علاقے کے عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی منصوبوں، بجٹ کی ترجیحات اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔ شیخ زرک مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان مضبوط رابطہ اور تعاون ضروری ہے اور مسلم لیگ (ن) بلوچستان میں تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر اور صاف پانی کی اہم اسکیموں کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے ہنر مندی کی تربیت کے پروگرام، اسکالرشپس اور چھوٹے کاروبار کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے گا، جبکہ امن و امان کی بہتری کے لیے انتظامیہ، پولیس اور مقامی عمائدین کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے بعض سیاسی مخالفین پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ترقی اور شفاف سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ شیخ زرک مندوخیل نے زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی روایتی نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے اور مسلم لیگ (ن) اسی سمت میں مزید مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کے مسائل اسمبلی میں بھرپور انداز میں اجاگر کرتے ہیں اور ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے گی تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔
