پاکستان ۱۸ اگست ۲۰۲۶

بانی پی ٹی آئی کی شفا اسپتال منتقلی، سپریم کورٹ کا 7 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد (ویب نیوز) سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، علاج اور شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے متعلق 7 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ان کے علاج کے لیے ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ حکم نامے کے مطابق میڈیکل بورڈ میں جنرل فزیشن، جنرل سرجن، ماہر امراضِ داخلی، ماہر امراضِ چشم اور ماہر امراضِ قلب شامل ہوں گے، جبکہ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی طبی بورڈ کے ساتھ منسلک رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ قیدی کو جیل میں ہونے کے باوجود انسانی سلوک اور ضروری طبی سہولتوں کا حق حاصل ہے، جبکہ اسپتال کے اخراجات بانی پی ٹی آئی یا ان کے اہلخانہ برداشت کریں گے۔ عدالت نے حکومت کو عمران خان کی سیکیورٹی یقینی بنانے، گرفتاری کے بعد سے اب تک کا مکمل میڈیکل ریکارڈ پیش کرنے اور ان کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے اہلخانہ کی ہفتے میں ایک ملاقات اور بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلیفونک گفتگو کرائی جائے، تاہم آئندہ سماعت تک ان کی صحت یا میڈیکل رپورٹس کو میڈیا یا عوام کے ساتھ شیئر نہیں کیا جائے گا اور اسپتال کے باہر کوئی سیاسی اجتماع بھی نہیں ہوگا۔ عدالت نے واضح کیا کہ شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں دیا گیا ریلیف واپس لیا جاسکتا ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت 16 ستمبر کو ہوگی۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق عمران خان کو آج رات اڈیالہ جیل سے شفا اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں اسپتال میں سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ پولیس، ایف سی اور رینجرز کے اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے جبکہ کمرے کی نگرانی جیل انتظامیہ کے اہلکار کریں گے۔