کوئٹہ (ویب نیوز) کچھی بیگ پولیس نے خاتون کے مبینہ اغواء کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے نامزد چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مغویہ کو بھی بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ضیاء الحق مندوخیل کے مطابق پولیس نے تفتیش کے دوران خدا بخش، محمد رفیق، جاوید اور سراج کو گرفتار کیا، جبکہ مبینہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق مسماۃ اسماء دختر امان اللہ، سکنہ قمبرانی روڈ کوئٹہ کی والدہ شازیہ کی مدعیت میں 14 اگست 2026 کو تھانہ کچھی بیگ میں ایف آئی آر نمبر 161/2026 بجرم دفعہ 365-B تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کی اپنے کزن خدا بخش کے ساتھ سابقہ منگنی 2022 میں ختم ہوگئی تھی اور 13 اگست کو خدا بخش نے محمد رفیق، جاوید اور سراج کے ہمراہ اسے گھر سے مبینہ طور پر اغواء کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور 65 ہزار روپے نقدی بھی لے گئے۔ پولیس کے مطابق 17 اگست کو بازیاب خاتون کا بیان دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے قلمبند کرایا گیا، جبکہ اس کا طبی معائنہ سول ہسپتال کوئٹہ میں بھی کرایا گیا ہے، جس کی میڈیکل رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔ گرفتار تمام ملزمان پولیس ریمانڈ پر ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
