کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان میڈیا فورم کے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کا اہم اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں فورم کے تنظیمی امور، ایک سال کے لیے عبوری کابینہ کی تشکیل، مرکزی کمیٹی کے ارکان کے انتخاب اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے اعلامیے میں ایک سال کے لیے فورم کی عبوری کابینہ کے عہدیداران کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق سینئر صحافی قیوم بلوچ کو ایک بار پھر بلوچستان میڈیا فورم کا صدر، اللہ یار ڈومکی بختیارآباد کو نائب صدر، اللہ داد رند سبی کو جنرل سیکریٹری جبکہ شیخ فرید کوئٹہ، ندیم بابر مغل سبی، رمضان بٹو باغ اور سلطان کرد مچھ بولان کو نائب صدور مقرر کیا گیا۔ محمد علی ہزاره کوئٹہ کو نائب جنرل سیکریٹری، محمد اسلم بختیارآباد کو ایڈیشنل سیکریٹری، عامر بنگلزئی کو ریکارڈ سیکریٹری، احمر ندیم کوئٹہ کو فنانس سیکریٹری، اصغر بلوچ کوئٹہ کو اطلاعات سیکریٹری اور پیر جان بلوچ کو آفس سیکریٹری مقرر کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے سات عبوری ارکان کے نام بھی طے کیے گئے ہیں، تاہم ان کے نام بعد میں جاری کیے جائیں گے۔ فورم نے کہا ہے کہ تمام عہدیداران اور مرکزی کمیٹی کے ارکان کی حلف برداری کی تقریب جلد کوئٹہ میں منعقد کی جائے گی۔ بلوچستان میڈیا فورم نے تمام منتخب اور مقرر عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی عبوری کابینہ صحافیوں کے مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ، آزادیٔ صحافت کے فروغ اور بلوچستان کے صحافیوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فورم صحافیوں کے مشترکہ مسائل اجاگر کرنے، صحافتی اقدار کے فروغ اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، جبکہ نئے عہدیداران سینئر صحافیوں اور صحافتی برادری کی مشاورت سے تنظیم کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔
