تازہ ترین ۱۸ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا غیر رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن شروع

کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 کے تحت ٹیکس قوانین کے مؤثر نفاذ اور ٹیکس کی پابندی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان ریونیو اتھارٹی (بی آر اے) نے پورے صوبے میں غیر رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان کے خلاف خصوصی انفورسمنٹ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ان سروس فراہم کنندگان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے جو ٹیکس قوانین کے تحت رجسٹریشن کے پابند ہیں لیکن تاحال رجسٹرڈ نہیں ہوئے۔ اسی طرح وہ سروس فراہم کنندگان جو پہلے سے بی آر اے کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں لیکن مقررہ مدت میں اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں کراتے، ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اتھارٹی نے ریسٹورنٹس، میرج ہالز، کنسلٹنٹس، آئی ٹی سروسز، طبی اور دیگر پیشہ ورانہ خدمات، ٹرانسپورٹ اور کورئیر سروسز، بلڈرز، آرکیٹیکٹس، پراپرٹی ڈویلپرز اور دیگر ٹیکس عائد خدمات فراہم کرنے والوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قانون کے مطابق اپنی رجسٹریشن اور دیگر ٹیکس ذمہ داریاں مکمل کریں۔ بی آر اے نے رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس ریٹرنز بروقت جمع کرائیں، درست معلومات فراہم کریں اور واجب الادا ٹیکس مقررہ مدت میں ادا کریں۔ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 اور متعلقہ قوانین کے تحت جرمانے، ڈیفالٹ سرچارج اور دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اتھارٹی نے تمام متعلقہ سروس فراہم کنندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر قانون کی پابندی کرتے ہوئے رجسٹریشن اور ریٹرنز جمع کرانے کی ذمہ داریاں پوری کریں تاکہ غیر ضروری قانونی مشکلات سے بچا جا سکے اور بلوچستان میں شفاف، منصفانہ اور مؤثر ٹیکس نظام کے استحکام میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔