تازہ ترین ۱۸ اگست ۲۰۲۶

محکمہ آبپاشی بلوچستان میں 100 کروڑ کی مبینہ کرپشن کا مقدمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر گرفتار

کوئٹہ (ویب نیوز) اینٹی کرپشن بلوچستان نے محکمہ آبپاشی میں سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کی مبینہ طور پر انتہائی کم قیمت پر نیلامی کے معاملے پر 100 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کا مقدمہ درج کرلیا، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر طلحہ بگٹی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تحقیقات کے مطابق فروری اور اکتوبر 2024 میں ہونے والی دو نیلامیوں میں 70 سے زائد زیرِ استعمال سرکاری گاڑیاں اور بھاری مشینری مبینہ طور پر انتہائی کم قیمت پر فروخت کی گئی۔ نیلام ہونے والی اشیا میں لینڈ کروزر، ڈبل کیبن گاڑیاں، ٹرک، ٹینکر، ڈمپر، ڈوزر، ٹریکٹر اور ایکسکیویٹر شامل تھے۔ دستاویزات کے مطابق 2000 ماڈل کی ایک لینڈ کروزر 3 لاکھ 50 ہزار روپے، بعض ڈبل کیبن گاڑیاں 3 سے 4 لاکھ روپے، ڈوزر 5 سے 9 لاکھ روپے جبکہ کروڑوں روپے مالیت کا ایک ایکسکیویٹر صرف 11 لاکھ روپے میں نیلام کیا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام نے دونوں نیلامیوں کا ریکارڈ حاصل کرکے بولی کے عمل، مشینری کی اصل حالت اور نیلامی کی قیمتوں کا جائزہ شروع کردیا ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور ذمہ دار افراد کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔