پاکستان ۱۸ اگست ۲۰۲۶

بانی پی ٹی آئی کی یکم اور 10 اگست کی میڈیکل رپورٹس سپریم کورٹ میں جمع

اسلام آباد (ویب نیوز) بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق یکم اور 10 اگست کی میڈیکل رپورٹس سامنے آگئی ہیں، جو اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یکم اگست کو کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر اختر علی بندیشہ نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا، اس دوران انہوں نے بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ، سر درد اور بے چینی کی شکایت کی۔ یکم اگست کو ان کا بلڈ پریشر 140/100 جبکہ نبض 50 فی منٹ ریکارڈ کی گئی، تاہم ای سی جی میں کوئی اہم غیر معمولی تبدیلی سامنے نہیں آئی۔ ڈاکٹر نے ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے اہلخانہ خصوصاً اہلیہ سے زیادہ ملاقاتیں، اخبارات اور ٹی وی کی سہولت فراہم کرنے کی سفارش کی، جبکہ عمر اور ذہنی دباؤ کے پیش نظر سی ٹی کورونری انجیوگرافی اور بلڈ پریشر کی ادویات میں تبدیلی کی بھی تجویز دی۔ رپورٹ کے مطابق چار رکنی میڈیکل بورڈ نے 10 اگست کو دوبارہ معائنہ کیا، جس میں بلڈ پریشر 140/80 اور نبض 54 فی منٹ ریکارڈ ہوئی۔ میڈیکل بورڈ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سینے میں درد، بھاری پن، سانس پھولنے یا دل کی دھڑکن کی شکایت نہیں کی، ای سی جی نارمل تھی جبکہ ایکو میں دل کے والوز اور چیمبرز بھی نارمل پائے گئے۔ بورڈ نے روزانہ ایک گھنٹہ چہل قدمی، ذہنی سکون، اخبارات، ٹی وی اور کتابوں کی سہولت اور اہلخانہ سے زیادہ ملاقاتوں کی سفارش کی، جبکہ مزید کسی کارڈیک ٹیسٹ، بالخصوص سی ٹی انجیوگرافی، کو ضروری قرار نہیں دیا۔