پاکستان ۱۶ اگست ۲۰۲۶

مذاکرات کامیاب، گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کردی

کوئٹہ (ویب نیوز) حکومت اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے گزشتہ 9 روز سے جاری ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کردی۔ کراچی کے گورنر ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے صدر ملک شہزاد نے شرکت کی۔ مذاکرات کے بعد ملک شہزاد نے کہا کہ حکومت کی یقین دہانی پر ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت سندھ نے پارکنگ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر غور کے لیے حکومت نے 15 دن کا وقت مانگا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے ٹول ٹیکس میں کمی کے لیے کمیٹی بنانے اور 10 وہیلر گاڑیوں کو مناسب وزن کی اجازت دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ٹرانسپورٹرز کے صدر کے مطابق بعض مسائل وفاقی و صوبائی حکومتوں نے حل کردیئے ہیں جبکہ دیگر معاملات کابینہ کی منظوری سے حل کیے جائیں گے، تاہم یقین دہانیوں پر عمل نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ احتجاج کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے حل طلب مسائل پر پیش رفت ہوئی ہے اور باقی مطالبات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد روڈ کو موٹروے کا معیار حاصل نہیں جبکہ سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹروے کا منصوبہ رواں سال شروع کیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ غیر معمولی حالات میں حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ میئر کراچی نے بھی یقین دلایا کہ سندھ حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مسائل حل کرے گی۔