تازہ ترین ۱۶ اگست ۲۰۲۶

خاران میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک

خاران (ویب نیوز) بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لَجّے میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے وابستہ بعض دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا محاصرہ کرکے مؤثر کارروائی کی، جس کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کیا گیا، جبکہ ایک موٹرسائیکل اور دو گاڑیاں بھی سکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیں۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھتہ خوری، اغوا، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی سمیت مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے ’’آپریشن ردالفتنہ 3‘‘ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔