اسلام آباد (ویب نیوز) صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع خاران میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا خاتمہ اور بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی ایک اہم کامیابی ہے۔ صدر نے کہا کہ بیرونی حمایت سے سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
