پاکستان ۱۵ اگست ۲۰۲۶

سیاسی مخالفت کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، نواز شریف

کوئٹہ (ویب نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے۔ مری میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ ترقیاتی فنڈز فراہم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اچھے امیدواروں کی شکست کے اسباب کا بھی جائزہ لینا ہوگا، انتخابات کے دو مرحلوں میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی ملی اور عوام نے ایک بار پھر پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، تاہم اگر مسلم لیگ (ن) نے عوام کی خدمت اور مسائل کے حل میں کارکردگی نہ دکھائی تو عوام ناراض ہوں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سڑکیں اور اسپتال تعمیر ہونے چاہئیں، وہاں کے بچے بھی جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے مواقع چاہتے ہیں، ملک آگے بڑھ رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی محنت کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پنجاب ترقی کر رہا ہے اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا، عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر کی حکومت عوامی امنگوں پر پوری نہیں اتر سکی، اب عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینا ہوگی۔