قلعہ عبداللہ (ویب نیوز) تحصیل گلستان کے علاقے سیگی میں گزشتہ شب کراچی سے تعلق رکھنے والی فیملی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو لڑکیاں جاں بحق جبکہ ماں، باپ اور ایک کمسن بچی شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مقامی دکاندار اور گاڑی میں سوار فیملی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد دکاندار کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ گاڑی کے وہاں سے روانہ ہونے کے دوران بازار کے چوکیداروں نے بھی مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں دو لڑکیاں موقع پر ہی جاں بحق جبکہ والدین اور کمسن بچی شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کے شناختی کارڈز پر کراچی اور اسلام آباد کے پتے درج ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث افراد کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
