اسلام آباد (ویب نیوز) اقتصادی رابطہ کونسل (ای سی سی) نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی، جس کے بعد دونوں پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔ اس سے قبل پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھا۔ آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن نے مارجن میں اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان بٹ نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں اپنے مقررہ ہدف اور آئی ایم ایف کے تخمینے سے زیادہ وصولیاں کیں، جبکہ پٹرول پر اس وقت 80 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 28 پیسے فی لیٹر لیوی عائد ہے۔ پٹرول اور ڈیزل پر 5،5 روپے فی لیٹر کلائمٹ سپورٹ لیوی بھی وصول کی جارہی ہے۔
