تازہ ترین ۱۴ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں سابق افغان فورس اہلکاروں پر مسلح افراد کی فائرنگ، ایک ہلاک، 7 زخمی

کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی کے قریب مستونگ روڈ پر بیوٹمز یونیورسٹی کے چلتن کیمپس کے ریسرچ فیلڈز کی خالی عمارت میں رہائش پذیر سابق افغان فورس کے اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک سابق افغان اہلکار ہلاک جبکہ سابق اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے کیمپس کے احاطے میں موجود افراد کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد لاش اور زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا، جہاں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت منصور پوپلزئی کے نام سے ہوئی۔ زخمیوں میں وکیل اچکزئی، احمداللہ اچکزئی، سمیع اللہ پوپلزئی، حبیب اللہ علیزئی، زوال نورزئی، قدرت اللہ نورزئی اور ضیاء الحق نورزئی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہلاک اور زخمی افراد کا تعلق افغانستان کے مختلف علاقوں سے ہے اور یہ تمام افراد سابق افغان فورس کے اہلکار تھے جو طالبان کے افغانستان میں برسرِ اقتدار آنے کے بعد وہاں سے نکل کر پاکستان آئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کو کچھ عرصہ قبل سرانان سے کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں مبینہ طور پر افغان طالبان کی جانب سے ڈرون حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔