کوئٹہ (ویب نیوز) لاہور میں دو مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک راہ گیر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پہلا واقعہ بادامی باغ میں پیش آیا جہاں ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد شہید ہوگئے، جبکہ ملزمان رکشے میں فرار ہوگئے۔ دوسرا واقعہ یتیم خانہ چوک میں پیش آیا جہاں 3 مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار حارث سلیم شہید جبکہ اویس، شفیق اور اعظم زخمی ہوئے، فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں واقعات میں ملوث مرکزی ملزم ریحان بٹ ہے جبکہ ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا گیا ہے۔ ملزمان دوسرے واقعے کے بعد سرکاری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی، انویسٹی گیشن اور آپریشنز ونگ کی ٹیمیں متحرک کردی ہیں، جبکہ آئی جی پنجاب نے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
