پاکستان ۱۴ اگست ۲۰۲۶

پیٹرولیم ڈیلرز سے مذاکرات ناکام، حکومت کا روزانہ قیمتیں تبدیل کرنے کا نظام ختم کرنے سے انکار

اسلام آباد (ویب نیوز) پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے، جس کے بعد ڈیلرز نے ہفتے کی صبح سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈیلرز نے کاروباری اخراجات، بجلی کے بھاری بلوں اور دیگر اخراجات کے پیش نظر پیٹرول پر ڈیلر مارجن 8 فیصد کرنے اور روزانہ بنیاد پر قیمتوں میں تبدیلی کا نظام ختم کرکے سابقہ طریقہ کار بحال کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم حکومت نے مارجن میں ایک روپے 34 پیسے اضافے کی یقین دہانی کرائی جسے ڈیلرز نے ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے، جبکہ حکومت نے یومیہ قیمتوں کے نظام میں تبدیلی سے انکار کرتے ہوئے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ مذاکرات میں ڈیڈ لاک کے بعد ڈیلرز نے ہڑتال کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے کراچی میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔