پاکستان ۱۴ اگست ۲۰۲۶

اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑا اضافہ، پنشن پیکج میں بھی تبدیلیاں

اسلام آباد (ویب نیوز) اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے، جبکہ پنشن پیکج میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ وفاقی حکومت کی سفارش پر صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ ججز کی تنخواہیں اور مراعات وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے برابر کردی گئی ہیں۔ فیصلے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی بنیادی تنخواہ 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جو سابقہ 11 لاکھ روپے سے بڑھائی گئی ہے۔ جوڈیشل الاؤنس بھی بڑھا کر 15 لاکھ روپے ماہانہ کردیا گیا ہے جبکہ ججز کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ میڈیکل الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔ پنشن پیکج میں 70 سال کی حد بڑھا کر 75 سال اور 85 سال کی حد بڑھا کر 90 سال کردی گئی ہے۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 12 لاکھ 54 ہزار جبکہ دیگر ججز کی 12 لاکھ 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ ججز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کا اطلاق 10 دسمبر 2025 سے جبکہ ہائی کورٹ ججز کی نئی تنخواہوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا، جبکہ بقایا جات بھی ادا کیے جائیں گے۔ دو سال سے زائد عرصہ چیف جسٹس رہنے والے ججز کو ریٹائرمنٹ یا اعلیٰ عدالت میں ترقی کی صورت میں گاڑی رعایتی قیمت پر خریدنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔