اسلام آباد (ویب نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ایک تاریخی کامیابی کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی ہے، پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانا ہوگا۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والے قائدین، کارکنوں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہونا چاہیے، جبکہ نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کی مدبرانہ قیادت اور مسلمانان ہند کی جدوجہد کے نتیجے میں آزاد مملکت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، گزشتہ ڈھائی برس میں مشکل مراحل عبور کرکے معیشت کو مستحکم کرنے کی بنیاد مضبوط کی گئی ہے اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، پاکستان دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا اور امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ وزیراعظم نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قوم سے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہوکر کردار ادا کرنے کا عزم کرنے کی اپیل کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو عزت و وقار کی علامت بنائے اور درخشندہ مستقبل عطا فرمائے۔
