پشین (ویب نیوز) پشین میں مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فرنٹیئر کور کے اہلکار ساجد خان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ اور تدفین کی تقریب میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے افسران، ضلعی انتظامیہ کے حکام، سرکاری افسران و اہلکاروں، شہید کے رشتہ داروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور شہید ساجد خان کی ملک کے لیے خدمات اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسدِ خاکی قومی پرچم میں لپیٹ کر آخری آرام گاہ تک لے جایا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز کی جانب سے انہیں سرکاری اعزاز پیش کیا گیا۔ کرنل عمیر خان نے شہید کی وردی اور قومی پرچم ان کے والد کے حوالے کیا۔ تقریب کے دوران شہید کے اہلخانہ شدید غم سے دوچار تھے، تاہم ان کے والد نے اپنے بیٹے کی قربانی کو باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو وطن پر قربان کیا ہے اور انہیں اس پر فخر ہے۔ شہید کے والد نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’’پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔ سکیورٹی فورسز کے افسران نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی، ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور ساجد خان کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ شرکاء نے دہشت گردی اور بدامنی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے شہید کے بلند درجات اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ شہید کے خاندان نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ ساجد خان کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی اور ملک کے لیے ان کی خدمات و قربانی ہمیشہ خاندان اور قوم کے لیے باعثِ فخر رہیں گی۔
