بولان (وېب نيوز) ضلع بولان کے علاقے گوکرت کے قریب نامعلوم افراد نے 18 انچ قطر کی مرکزی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنا کر تباہ کردیا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ دھماکا قومی شاہراہ سے تقریباً 800 میٹر کے فاصلے پر والو اسمبلی کے قریب کیا گیا، جس کے بعد پائپ لائن سے بلند شعلے اٹھتے رہے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق پائپ لائن متاثر ہونے سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کے علاوہ کولپور، مچھ، مستونگ، قلات، پشین اور زیارت کو گیس کی سپلائی مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے کو کلیئر قرار دیے جانے کے فوراً بعد فنی ٹیموں کو مرمت کے لیے جائے وقوعہ پر روانہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب واقعے میں ملوث عناصر کی تلاش اور تحقیقات کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
