اسلام آباد (وېب نيوز)وزیراعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر توانائی ڈزینس ماروز نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، افرادی قوت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے فیصلوں سے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ دونوں رہنماؤں نے قیادت کی سطح پر طے پانے والے فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے بیلاروسی وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ بیلاروس کے وزیر توانائی نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
