پاکستان ۱۲ اگست ۲۰۲۶

محمود خان اچکزئی کے زیرِ صدارت تحریک تحفظِ آئین پاکستان کا اعلیٰ سطحی اجلاس، ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تشویش

اسلام آباد (پ ر) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت تحریک تحفظِ آئین پاکستان کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں علامہ ناصر عباس جعفری، سلمان اکرم راجہ، مصطفیٰ نواز کھوکھر، حسین احمد یوسفزئی اور خالد یوسف چوہدری نے شرکت کی۔ ترجمان تحریک تحفظِ آئین پاکستان اخونزادہ حسین کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی و آئینی صورتحال، اہم قومی امور اور جاری سیاسی، معاشی و سکیورٹی بحرانوں پر تفصیلی غور کیا گیا اور حکومتی عدم توجہی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی نئی تعیناتی کے آئینی عمل میں تاخیر پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا کہ اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کرکے فوری طور پر آئینی عمل شروع کیا جائے۔ اجلاس نے قرار دیا کہ شفاف اور آزادانہ انتخابات کے لیے غیر جانب دار اور خودمختار الیکشن کمیشن کا قیام ناگزیر ہے۔ تحریک نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کی ہمشیرہ اور ذاتی معالجین کو فوری ملاقات اور طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔ اجلاس میں عمران خان کی صحت و سلامتی کی مکمل ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہونے کا مؤقف اختیار کیا گیا۔ تحریک نے آزاد کشمیر میں سینیٹر مشتاق احمد خان، ان کے ساتھیوں اور کشمیری مظاہرین کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے تمام گرفتار افراد کی فوری رہائی اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔