تازہ ترین ۱۲ اگست ۲۰۲۶

گیدر سوراب واقعہ: بمباری میں بیسیوں افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے پر اے این پی کا اظہارِ تشویش، جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

کوئٹہ (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں ضلع سوراب کے علاقے گیدر میں ہونے والی بمباری اور اس کے نتیجے میں بیسیوں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو بنیادی انسانی حقوق، انسانی اقدار اور شہریوں کے تحفظ کے اصولوں سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ بچوں، خواتین، بزرگوں اور دیگر شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ اے این پی نے مطالبہ کیا کہ گیدر سوراب واقعے کی فوری، شفاف اور اعلیٰ سطحی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے، ذمہ داروں کا تعین اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی یا تشدد کا ارتکاب جس بھی جانب سے ہو قابل مذمت ہے اور کسی بھی واقعے کو جواز بنا کر عام شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا ناقابل قبول ہے۔ ریاست اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام، قانون کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کی ضمانت ہے۔ اے این پی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی بدامنی اور بے یقینی کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے واقعات سے عوام میں خوف اور عدم تحفظ مزید بڑھتا ہے، اس لیے حکومت اور ریاستی ادارے مؤثر اقدامات کے ذریعے امن اور عوام کا اعتماد بحال کریں۔ پارٹی نے واضح کیا کہ وہ امن، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور انسانی حقوق کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔