کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان کے ضلع سوراب میں بارودی گاڑی تیار کرنے کے دوران ہونے والے دھماکے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 شہری بھی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید 10 دہشت گرد مارے گئے، جس کے بعد مجموعی طور پر ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 18 ہوگئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 12 اگست کی صبح بلوچستان کے ضلع سوراب میں ’’فتنۃ الہندستان‘‘ سے منسلک دہشت گردوں کی جانب سے گاڑی میں نصب کیے جانے والے دھماکا خیز مواد کی تیاری کے دوران اچانک دھماکا ہوا۔ بیان کے مطابق بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران قبل از وقت دھماکے کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے دیگر دھماکا خیز مواد ذخیرہ کیے جانے کے باعث ہونے والے مزید دھماکوں میں علاقے کے 3 شہری بھی جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے علاقے میں پہنچ کر مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے اور مکمل سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ ’’عزمِ استحکام‘‘ حکمت عملی کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔
