کوئٹہ (ویب نیوز) جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے مخصوص علاقوں میں پیر کے روز کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، جبکہ مختلف اہم شاہراہیں صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک آمدورفت کے لیے بند رہیں گی۔ حکام کے مطابق گل کچھ سے توئی خلہ اور تنائی، ٹانک میں کوڑ قلعہ سے خرگئی اور جنڈولہ، ٹانک سے جنوبی وزیرستان جانے والی شاہراہ، جبکہ جنڈولہ بازار مکمل طور پر بند رہے گا۔ اسی طرح ڈبرہ سے کوڑ قلعہ، گرداوی اور گومل زام ڈیم، جنوبی وزیرستان اپر میں لدھا، مکین، تبئی سر اور بی بی رغزئی، کوٹکئی سے سپنکئی رغزئی، نذر خیل اور درگئی پل تک راستے بند رہیں گے۔ مڈی جان سے شین ورسک، مولا خان سرائے اور چگملائی تا جنڈولہ جبکہ سرویکئی سے مولا خان سرائے اور بروند تک سڑکیں بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کرفیو کے دوران صرف ہنگامی صورت میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے آمدورفت کی اجازت ہوگی، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی یا اہلکار نظر آنے پر اپنی گاڑی 50 میٹر پہلے روک دیں۔
