کوئٹہ (ویب نیوز) کراچی میں گزشتہ دو روز سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ہوٹل مالکان کو مبینہ انکروچمنٹ کے نام پر ہراساں کرنے، ہوٹلز سیل کرنے اور مالکان کی گرفتاریوں کے خلاف جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اہم رابطے کیے ہیں۔ مولانا عبدالواسع نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان میر علی حسن زہری اور رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے گرفتار افراد کی رہائی، سیل کیے گئے ہوٹلز کو ڈی سیل کرنے اور مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی درخواست کی۔ میر علی حسن زہری نے یقین دہانی کرائی کہ مولانا عبدالواسع کا پیغام آج ہی صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تک پہنچایا جائے گا، جبکہ انہوں نے مسئلے کے مستقل حل کے لیے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
