تازہ ترین ۹ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے تین روزہ تقریبات، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے پرچم لہرائے جائیں گے

کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان حکومت نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے صوبے بھر میں خصوصی تقریبات اور تشہیری اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچستان حکومت کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق 8 سے 10 اگست 2026 تک تین روزہ یادگاری پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ اس دوران پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے قومی پرچم اہم شاہراہوں، سرکاری عمارتوں، اہم عوامی مقامات اور دیگر مقررہ جگہوں پر نمایاں طور پر لہرائے جائیں گے تاکہ تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو اجاگر کیا جا سکے۔ حکومت نے متعلقہ اداروں، انتظامی سیکرٹریوں، کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں سرکاری دفاتر، عمارتوں اور عوامی مقامات پر پرچم لگانے کے ساتھ تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔ اس پروگرام میں خودمختار و نیم خودمختار ادارے، متعلقہ محکمے اور دیگر سرکاری ادارے بھی شامل ہوں گے۔ سرکاری مراسلے کے مطابق صوبے کی متعلقہ سرکاری عمارتوں کو رات کے وقت سبز اور سرخ روشنیوں سے بھی روشن کیا جائے گا اور یہ روشنیاں 8 سے 10 اگست تک برقرار رہیں گی۔ حکومت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ یادگاری پروگرام کی مختصر ویڈیوز، کلپس اور تصویری شواہد روزانہ واٹس ایپ کے ذریعے مقررہ فوکل پرسن بابر خان، ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن)، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو ارسال کیے جائیں۔ سرکاری مراسلے میں اس معاملے کو انتہائی اہم اور فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ بلوچستان حکومت ان اقدامات کے ذریعے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور دفاعی شراکت داری کو اجاگر کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور 8 سے 10 اگست تک مختلف اضلاع میں پرچم کشائی، سرکاری عمارتوں کو روشن کرنے اور دیگر یادگاری سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔