تازہ ترین ۶ اگست ۲۰۲۶

اسماء جٹک کیس: اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا آئی جی پولیس کو فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم

کوئٹہ(ویب نیوز) اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے اسماء جٹک کیس کے حوالے سے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، شفاف اور جامع تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ خاتون سمیت ان کے اہل خانہ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ بلوچستان اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ معاملہ 5 اگست کو اسمبلی اجلاس میں عوامی اہمیت کے حامل مسئلے کے طور پر زیر بحث آیا، جہاں ارکان نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اسماء جٹک کو 2024 میں مبینہ طور پر بااثر افراد نے اغوا کیا تھا، تاہم عوامی دباؤ اور سوشل میڈیا مہم کے بعد انہیں بازیاب کرایا گیا۔ بعد ازاں ان کے حامیوں پر حملے ہوئے اور قریبی رشتہ داروں کے قتل کے واقعات بھی پیش آئے، لیکن مقدمات درج ہونے کے باوجود ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، جس پر پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے۔ اسپیکر نے ہدایت کی کہ 10 اگست 2026 تک تحقیقات، پیش رفت اور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق تفصیلی رپورٹ بلوچستان اسمبلی میں پیش کی جائے، جبکہ قانون کی بالادستی اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔