کوئٹہ( سید سردار محمد خوندئی )
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور انجمن تاجران کے صدر سید عبدالرحیم آغا کے درمیان تاجر برادری اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ 7 اور 8 اگست کو اعلان کردہ شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال منسوخ کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے وزیر اعلیٰ کو محکمانہ بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان میں آمد و رفت کے راستوں اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف آپریشنز کیے جا رہے ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کرفیو اور تھریٹ الرٹ جاری ہونے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، البتہ مسافروں، تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر سید عبدالرحیم آغا اور ان کے ہمراہ دیگر قائدین نے حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کو تاجر برادری کے اتحاد کا نتیجہ قرار دیا اور اعلان کیا کہ 7 اور 8 اگست کو کوئی ہڑتال نہیں ہوگی۔
