پاکستان ۵ اگست ۲۰۲۶

وزیراعظم سے جائیکا کے صدر کی ملاقات، معاشی اصلاحات اور ترقیاتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ شراکت داری، معاشی اصلاحات اور مختلف ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے جائیکا وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ اپنی دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور امید ظاہر کی کہ جائیکا صدر کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے مشترکہ کوششوں سے مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پایا ہے جبکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ تین برسوں کے دوران سرکاری محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر، فنی تربیت اور روزگار کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانا اور معدنیات کے شعبے کی ترقی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ انہوں نے معدنیات، صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی تربیت اور صنعتی شعبوں میں جائیکا کے تعاون کو سراہا۔ ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ، سمیڈا میں اصلاحات اور برآمدات میں اضافے کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ جائیکا کے صدر ڈاکٹر تناکا اکیہیکو نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔ ملاقات میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔