پاکستان ۵ اگست ۲۰۲۶

وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے، وزیراعظم کو مشورہ دوں گا: محسن نقوی

کوئٹہ (ویب نیوز): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیں گے کہ وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کی کارکردگی کا تیسرے فریق کے ذریعے جائزہ لیا جائے تاکہ ہر وزارت کی کارکردگی کا شفاف انداز میں تعین ہو سکے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور وزیراعظم شہباز شریف پانچ سال تک اپنے منصب پر برقرار رہیں گے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کر رہے ہیں، اگر نظام مزید بہتر ہو جائے تو نتائج بھی کئی گنا بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے حکومت پر تنقید یا چارج شیٹ کرنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں بھی ایف بی آر کی آمدن میں اضافہ، جنگی اور سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کی گئیں، جبکہ بہتر نظام کے ساتھ ملک مزید تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔