کوئٹہ (ویب نیوز): حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آگئے ہیں، جس کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پیٹرول پمپس پر کارڈ کے ذریعے ادائیگیوں پر وصول کی جانے والی مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) فیس میں کمی کر دی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق پیٹرول پمپس پر کارڈ ٹرانزیکشنز کے لیے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ کو ایک روپے فی لیٹر تک محدود کر دیا گیا ہے اور تمام بینکوں کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ڈیلرز کے لیے اہم ریلیف قرار دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اس سے قبل 0.8 فیصد ایم ڈی آر چارج وصول کیا جاتا تھا جو موجودہ قیمتوں کے حساب سے تقریباً 3 روپے فی لیٹر بنتا تھا، جبکہ نئے فیصلے کے بعد یہ خرچ کم ہو کر ایک روپے فی لیٹر رہ جائے گا، جس سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
