مقامی ۴ اگست ۲۰۲۶

بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ میں مالی و انتظامی بے ضابطگیوں کے الزامات، آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب نیوز)باخبر ذرائع نے بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ میں مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان معاملات سے صوبے میں معیاری تعلیم کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض بااثر عناصر ذاتی مفادات کے لیے ادارے کے شفاف نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ درسی کتب کی چھپائی اور تقسیم کا کام مکمل کرنے والے مقامی ٹھیکیداروں کو مختلف انتظامی اور تکنیکی اعتراضات کا سامنا ہے اور انہیں آئندہ منصوبوں سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب سے بعض پسندیدہ ٹھیکیداروں کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ ٹینڈرز کی منظوری، بھرتیوں اور خصوصاً ریسرچ آفیسر جیسے تکنیکی عہدوں پر تقرریوں کے عمل پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بعض دستاویزات اور مالی معلومات فراہم کرتے وقت اصل صورتحال چھپانے کی کوشش کی گئی۔ تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بورڈ کے مالی، انتظامی، بھرتیوں اور ٹینڈرز سے متعلق تمام معاملات کی اعلیٰ سطح پر آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔