کوئٹہ (ویب نیوز)ڈیرہ اللہ یار کے مصروف لیڈیز بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک اور شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ڈیرہ اللہ یار پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سرکل ڈی ایس پی طالب حسین لاشاری نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نظر محمد کندرانی جبکہ زخمی کی شناخت پرویز علی کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق ضلع صحبت پور سے ہے۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے سکھر منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق شخص کی لاش ضلعی اسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
