پاکستان ۳ اگست ۲۰۲۶

27 سرکاری ادارے نجکاری پروگرام میں شامل، وزیراعظم نے اہداف پر بروقت عملدرآمد کی ہدایت کردی

اسلام آباد (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نجکاری پروگرام کے تمام اہداف اور مقررہ ٹائم لائنز پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 27 سرکاری ادارے نجکاری کے تین مختلف مراحل میں شامل ہیں۔ وزیراعظم کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس سمیت آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق فیسکو کے لیے سرمایہ کاروں سے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 اگست، گیپکو کے لیے 21 اگست اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے بھی ان اداروں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری اس انداز میں کی جائے کہ زرعی شعبے اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کا کردار برقرار رہے۔