کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید تکنیکی علوم سے آراستہ کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر چیف منسٹر یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت ایک ہزار ہونہار نوجوانوں کی آن دی جاب ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت صوبے بھر کے منتخب نوجوانوں کو پاکستان کے معروف سافٹ ویئر ہاؤسز میں عملی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) اور کیو ٹیک کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس پروگرام کے لیے آن لائن درخواستوں کے بعد شارٹ لسٹنگ ٹیسٹ اور انٹرویوز کا عمل جاری ہے جس میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے طلبہ و طالبات شریک ہو رہے ہیں۔ حکومت بلوچستان بی ٹیوٹا کے ذریعے منتخب نوجوانوں کی تربیت، رہائش اور تمام اخراجات خود برداشت کرے گی تاکہ نوجوان بغیر کسی مالی بوجھ کے اپنی فنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں۔ نوجوانوں اور ان کے سرپرستوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبے میں یہ پروگرام بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو قومی اور عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گا اور بے روزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
