کوئٹہ بلوچستان ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ پیر سے صوبے کے 13 اضلاع کی 62 ہائی رسک یونین کونسلوں میں پولیو کی خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ ای او سی کے کوآرڈینیٹر انعام الحق کے مطابق اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 9 ہزار 557 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کی کامیابی کے لیے 862 موبائل اور فیلڈ ٹیمیں، 61 مستقل ویکسینیشن مراکز اور 72 ٹرانزٹ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ سفر کے دوران بھی بچوں کو ویکسین دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں اب بھی پولیو وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ موجود ہے اور بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کا واحد مؤثر طریقہ بروقت اور مسلسل ویکسینیشن ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ویکسین سے انکار نہ کریں، پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اگر بچوں کو پہلے بھی متعدد بار قطرے پلائے جا چکے ہوں تو بھی موجودہ مہم میں ضرور ویکسین دلوائیں۔
