مقامی ۲ اگست ۲۰۲۶

پاکستان کے استحکام کے لیے صوبوں کو مکمل آئینی حقوق دیے جائیں، پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق

کوئٹہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی مضبوطی، قومی یکجہتی اور پائیدار استحکام اسی وقت ممکن ہے جب آئین کے مطابق تمام صوبوں کو مکمل سیاسی، انتظامی اور معاشی حقوق فراہم کیے جائیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود یہاں کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات، روزگار، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط وفاق کی بنیاد بااختیار صوبے ہوتے ہیں، اور اگر تمام صوبوں کو وسائل میں منصفانہ حصہ اور ترقی کے مساوی مواقع دیے جائیں تو ملک میں سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور قومی ہم آہنگی مزید مضبوط ہوگی۔ ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، معیاری تعلیم، بہتر صحت کی سہولیات، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، سرمایہ کاری کا فروغ اور قدرتی وسائل کے ثمرات مقامی عوام تک پہنچانا عوام پاکستان پارٹی کی بنیادی ترجیحات ہیں، جبکہ پارٹی عوامی حقوق، قانون کی حکمرانی، شفاف طرزِ حکمرانی اور قومی یکجہتی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔