کوئٹہ بلوچستان میڈیا فورم نے اپنے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ بلوچستان کے میڈیا کارکنوں، صحافیوں اور اخباری صنعت کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی، امتیازی سلوک یا زیادتی قابل قبول نہیں ہوگی۔ فورم کے مطابق صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں جو مشکل حالات میں بھی عوام تک بروقت اور مستند معلومات پہنچاتے ہیں، اس لیے ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ فورم نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے تمام رجسٹرڈ مقامی صحافیوں کو ماہانہ سرکاری وظیفہ دیا جائے تاکہ مالی مشکلات ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں رکاوٹ نہ بنیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ شعراء، ادباء اور لکھاری بلوچستان کی زبان، ثقافت اور تاریخ کے تحفظ اور فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم انہیں حکومتی سطح پر مناسب سرپرستی حاصل نہیں، لہٰذا ان کے لیے خصوصی فنڈز، وظائف، ایوارڈز اور اشاعتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ فورم نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے میڈیا انڈسٹری کے معاشی مسائل کے حل، صحافیوں کے تحفظ، انشورنس، علاج، مالی معاونت اور آزادیٔ اظہار کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
