اسلام آباد(ڈیلی صداقت ویب نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے منگل کو یہاں ملاقات کی ۔ ملاقات میں موجودہ میڈیا ماحول کے تناظر میں میڈیا کی ترقی اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عوامی خدمات کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے ہمراہ سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل بھی تھے۔ ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان بے پناہ تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے اور ان صلاحیتوں کو موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے عوامی میڈیا خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو مستند، بروقت اور شفاف معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ میڈیا ریاست اور عوام کے درمیان مضبوط پل کی حیثیت رکھتا ہے لہذا میڈیا کو قومی تعمیر، مثبت سوچ کے فروغ اور عوامی شعور بیدار کرنے میں اپنا مثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی ثقافت، سماجی اقدار اور خاندانی نظام کے فروغ کو میڈیا پالیسی کا اہم حصہ بنایا جائے تاکہ نئی نسل کو اپنی تہذیبی شناخت اور قومی روایات سے جوڑا جا سکے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت میڈیا کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ دارانہ صحافت کے اصولوں کے مطابق مزید مثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وقت آ گیا ہے کہ میڈیا کا شعبہ محض روایتی انداز سے نکل کر ذمہ داری، پیشہ ورانہ مہارت اور واضح قومی مقصد کے ساتھ آگے بڑھے تاکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر مثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
