کوئٹہ (ویب نیوز)پاکستان فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیے گئے ایک کامیاب آپریشن میں مبینہ طور پر “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے چار مسلح افراد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں، جنہیں مبینہ طور پر گاڑی بم کے طور پر استعمال کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی، تباہ کر دی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق یہ کارروائی 30 جولائی کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ مسلح افراد کی موجودگی کے پیشِ نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور قومی ایکشن پلان اور “عزمِ استحکام” حکمتِ عملی کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
