پاکستان ۳۱ جولائی ۲۰۲۶

اسحاق ڈار کے سعودی اور ملائیشین وزرائے خارجہ سے رابطے، بحیرہ احمر، باب المندب اور فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (ویب نیوز): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری محمد حسن سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے بحیرہ احمر اور باب المندب کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ فلسطین کی سنگین صورتحال کے تناظر میں عرب اور اسلامی ممالک کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار اور ملائیشین وزیر خارجہ کے درمیان گفتگو میں بھی فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے پاک۔ملائیشیا تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔