مقامی ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

این سی سی آئی اے کا کچلاک میں زونگ فرنچائز پر چھاپہ، سم کارڈز، لیپ ٹاپس اور ڈیجیٹل شواہد تحویل میں لے لیے گئے

کوئٹہ (ویب نیوز): نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم سرکل کوئٹہ نے انکوائری نمبر 505/2026 کے سلسلے میں مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد کچلاک کے علاقے میں واقع (زونگ فرنچائز) پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران زونگ سم کارڈز، لیپ ٹاپس، موبائل فونز، بائیومیٹرک ڈیوائسز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے گئے، جنہیں ضابطۂ قانون کے مطابق سیزر میمو کے ذریعے تحویل میں لے لیا گیا۔ این سی سی آئی اے کے مطابق تمام برآمد شدہ ڈیجیٹل شواہد کو فارنزک معائنے اور تکنیکی تجزیے کے لیے متعلقہ فارنزک لیبارٹری ارسال کر دیا گیا ہے، جبکہ فارنزک اور تکنیکی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مروجہ قوانین کے مطابق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان بھر میں مختلف موبائل فرنچائزز اور مراکز کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جہاں مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی شکایات زیرِ تفتیش ہیں، تاہم کسی بھی فرنچائز کی قانونی ذمہ داری کا حتمی تعین تحقیقات اور شواہد کی جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔