مقامی ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

بدامنی عروج پر، عوام کا جان و مال محفوظ نہیں، کوئٹہ مسائلستان بن چکا ہے: پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ویب نیوز): پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان اور صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیمی اور سیاسی امور کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی کی رکنیت سازی، عوامی رابطہ مہم، شمولیتی پروگراموں اور اگست کے دوران تنظیمی کانفرنسوں کی تکمیل پر زور دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقہار خان ودان نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شدید بدامنی، چوری، ڈکیتی، بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس پریشر اور بجلی وولٹیج کی کمی، پانی کی قلت اور بے روزگاری کے باعث مسائلستان بن چکا ہے، جبکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ بھی یقینی نہیں رہا۔ اجلاس میں ان مسائل پر حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوام دشمن پالیسیوں کی مذمت کی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کوئٹہ کی ضلع کمیٹی کا ماہانہ اجلاس یکم اگست کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا، جبکہ تمام عہدیداروں اور اراکین کو بروقت اور لازمی شرکت کی ہدایت کی گئی۔