راولپنڈی (ویب نیوز): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 32 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ اعلامیے کے مطابق ضلع خیبر میں 24 جبکہ ضلع نوشکی میں 8 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے، اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر کے تباہ کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
