اسلام آباد (ویب نیوز): وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، آئی ٹی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ علاقائی امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ کویتی وزیر خارجہ نے موجودہ علاقائی بحران کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
