پاکستان ۲۹ جولائی ۲۰۲۶

ہنگو میں دہشت گردوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، ڈی ایس پی سمیت 5 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک

ہنگو (ویب نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردوں نے خزینہ پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ 20 اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ حکام کے مطابق علاقے میں فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔